نئی دہلی:10 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات آئندہ 11 اپریل سے کل سات مراحل میں منعقد ہوں گے ، اس کی اطلاع چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے ووٹنگ 11، 18، 23 اپریل اور چھ، 12، 19 مئی کو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے اتوار کو کہا کہ اس بار لوک سبھا انتخابات میں ووٹ والوں کی تعداد تقریبا 90 کروڑ ہو گی۔ انہوں نے آئندہ انتخابات کو جمہوریت کا سب سے بڑا تہوار بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار تقریبا 10 لاکھ پولنگ اسٹیشن ہوں گے جو 2014 کے عام انتخابات سے نو لاکھ سے زیادہ ہے۔ کل ووٹروں میں 1.50 کروڑ ووٹر 18۔19 سال عمر کے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے جامع تیاری کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے الیکشن کمشنروں اشوک لواسا اور سشیل چندرا کے ساتھ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلی بار سوشل میڈیا کو لے کر بھی ضابطہ اخلاق لاگو کیا گیاہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے حکام کو اس پر کمیشن کو رپورٹ دینے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔ عام انتخابات کا پروگرام اعلان ہونے کے ساتھ ہی ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوگیا ہے ۔